حکومت پاکستان
پریس انفا رمیشن ڈیپارٹمنٹ
پریس ریلیزنمبر1995/03
ڈاکٹر عارف علوی
صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان
کا رمضان المبارک1442ہجری( 2021 ئ)کے موقع پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد:13/ اپریل2021ئ
میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ یہ اللہ تعالی کا خاص فضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔ اللہ تعالیٰ نے ہمارے اندر تقویٰ پیدا کرنے کیلئے رمضان کے روزے فرض کیے۔ تقوی کا مطلب پرہیزگاری ہے۔ دوسرے لفظوں میں محتاط انداز میں زندگی گزارنا تقویٰ ہے۔ رمضان المبارک کا مہینہ محتاط انداز میں زندگی گزارنے کی تربیت کا موقع فراہم کرتا ہے۔
اس وقت کرونا وائرس کی تیسری لہر سے ساری دنیا پریشان ہے اور تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر اس وبا کی روک تھام کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ کورونا کی یہ لہر پہلے سے زیادہ شدید اور خطرناک ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی جانوں پر ظلم کرنے سے منع فرماتاہے۔ ہمیں اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگی کے تحفظ کیلئے پرہیزگاری کی صفت اپنانا ہوگی۔ غیرضروری طور پر سماجی میل ملاپ سے پرہیز کرنا ہوگا۔ طہارت اور حفظانِ صحت کے اصولوں کواپنانا ہوگا۔ طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق ماسک پہننااور ویکسین لگوانے کا اہتمام بھی ضروری ہے۔
رمضان المبارک میں علماءو مشائخ کی مشاورت سے طے کردہ نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق SOPs پر بھی بھرپورعمل کریں ۔ علماءکی ہدایت کے مطابق نماز کے دوران 3 فٹ کا فاصلہ رکھیں، وضو گھر پر کریں اور جائے نماز ساتھ لے جائیں۔ بزرگ افراد گھر پر ہی نماز ادا کریں۔ علماءکی مشاورت سے طے کردہ ان حفاظتی تدابیر پر عمل ہماری قومی اور دینی ذمہ داری ہے ۔ ہمیں عبادات کی انجام دہی کو محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے اور اپنی جانوں پر ظلم نہیں کرنا۔ رمضان میں زکوٰ اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں اور ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ مجھے امید ہے کہ ہم حفاظتی تدابیر پر عمل سے کورونا کی اس لہر سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین۔
*
پاکستان پائندہ باد
…………………….