حکومت پاکستان
پریس انفا رمیشن ڈیپارٹمنٹ
پریس ریلیزنمبر2005/01
وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان
عمران خان کا رمضان المبارک 1442 ھ کے موقع پر قوم کے نام پیغام
اسلام آباد:13/ اپریل2021ئ
میں رمضان المبارک کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالی کافضل وکرم ہے کہ اس نے ہمیں ایک مرتبہ پھر رمضان المبارک کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔روزے کا مقصد انسان کے اندر پرہیزگاری اور ایثار و ہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔ روزے کی حالت میں بندہ اللہ تعالی کے حکم کی اطاعت کرتے ہوئے ہر اس چیز سے اپنے آپ کو روک لیتا ہے جو عام دنوں میں اس کے لیے جائز ہوتی ہیں۔ اس طرح بندے میں پرہیزگاری اور تقوی پیدا ہوتاہے۔ نیز روزے کی حالت میں بھوک وپیاس کو برداشت کرنے سے دوسروں کا احساس اور ہمدردی کے جذبات فروغ پاتے ہیں۔
عزیز ہم وطنو!
اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دو چار ہے۔ گزشتہ رمضان المبارک میں پاکستانی قوم نے جس طرح SOPsپر عمل کیا اور اس وبا کے پھیلاو کو ہر ممکن حد تک روکا وہ قابل ستائش ہے۔اس سال بھی علمائ و مشائخ کی مشاورت سے رمضان المبارک میں نماز تراویح اور اعتکاف سے متعلق جن SOPs پر اتفاق کیا گیا ہے رمضان المبارک میں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہم سب کی انفرادی اور اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اس نازک صورتحال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔
رمضان المبارک کے اس با برکت مہینے میں ایثاراور ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے اور ناجائز منافع خوری و ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کی نشاندہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے۔
ان مبارک گھڑیوں میں اللہ تعالی کے حضور دعا کرنی ہے کہ اللہ تعالی اپنا خصوصی فضل و کرم فرماتے ہوئے سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔ اللہ تعالی پاکستانی قوم کی مدد فرمائے اور ہمیں آزمائش کی اس گھڑی میں صبر وتحمل کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے۔ آمین۔
پاکستان پائندہ باد
٭٭٭